1 فروری 2019 - 12:17
مجلس احرار اسلام: اسرائیل سے رابطوں کیلئے بیک ڈور ڈپلومیسی استعمال ہو رہی ہے

مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالطیف خالد چیمہ کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون نافذ ہوگا تو دنیا میں امن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت امت کیلئے وجۂ اتفاق ہے ناموس رسالت پر پوری امت مسلمہ کی ایک ہی آواز ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کرنیوالے کی سزا موت ہے لیکن یہ ذمہ داری حکومت کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو پہچاننے اور 295سی پر عملدرآمد کی صورتحال کو مؤثر بنائے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ عازمین حج کیلئے حکومت کی جانب سے سبسڈی ختم کرنا ناصرف ظلم ہے بلکہ ریاست مدینہ کے دعوؤں کی بھی نفی ہے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمران اپنے دعوؤں میں جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں جبکہ اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کیلئے بیک ڈور ڈپلومیسی سے کام لیا جا رہا ہے اور عقیدۂ ختم نبوت اور 295سی کیخلاف گھناؤنی سازشیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیوں اور دین دشمنوں کو نوازا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حق سچ کہنا اکابر احرار کا شیوہ ہے اور ہم بھی اس طریقے پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ملزمان کا متضاد بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ملزمان کو تحفظ دینے کیلئے سرتوڑ کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیاکہ وہ اپنی نسلوں کو عقیدہ ختم نبوت سے روشناس کرانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون نافذ ہوگا تو دنیا میں امن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت امت کیلئے وجۂ اتفاق ہے ناموس رسالت پر پوری امت مسلمہ کی ایک ہی آواز ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کرنیوالے کی سزا موت ہے لیکن یہ ذمہ داری حکومت کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو پہچاننے اور 295سی پر عملدرآمد کی صورتحال کو مؤثر بنائے۔

۔۔۔۔۔

/169